کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنے 21 سالہ بیٹے کو خواجہ سراؤں سے تعلقات رکھنے پر بیلچے کے وار سے قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایچ او شیر نے بتایا کہ مقتول علی خان کو اس کے والد نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں بے رحمی سے قتل کیا۔ ملزم والد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو خواجہ سرا افراد سے تعلق ختم کرنے کی بارہا ہدایت کرتا رہا، لیکن بیٹا نہ مانا۔ابتدائی بیان میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے پہلے بیٹے کو بجلی کے جھٹکے دیے، اور بعد ازاں بیلچے سے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مذہبی رجحان رکھتا ہے اور قتل پر ندامت کا اظہار نہیں کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ کیا واقعی بجلی کے جھٹکے دیے گئے تھے۔