اورنگی ٹاؤن میں 17 سالہ لڑکی قتل، بھائی پر غیرت کے نام پر قتل کا الزام

اورنگی ٹاؤن میں 17 سالہ لڑکی قتل، بھائی پر غیرت کے نام پر قتل کا الزام

کراچی: اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں 17 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے غیرت کے نام پر سر میں گولی مار کر قتل کیا اور واردات کے بعد فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مومن آباد کے سیکٹر 10، بسم اللہ کالونی میں مکان نمبر 466 میں پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 17 سالہ زرقا بی بی دختر محمد رئیس خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زرقا بی بی کو اس کے بھائی سفیر خان نے مبینہ طور پر سر میں ایک گولی مار کر قتل کیا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل مقتولہ نے کسی شخص سے نکاح کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب زرقا بی بی نے گھر والوں کو اپنے نکاح سے آگاہ کیا اور کاح نامہ بھی دکھایا، جس پر گھر میں موجود بھائی اور دیگر رشتہ دار مبینہ طور پر مشتعل ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر بعض رشتہ داروں نے مقتولہ کے بھائی سفیر خان کو اسے قتل کرنے پر اکسایا، جس کے بعد اس نے فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کردیا۔ تاہم پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے اور قتل کی اصل وجوہات اور دیگر افراد کے کردار کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ مقتولہ کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم سفیر خان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔