کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 1 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں گھر کے اندر کلہاڑی کے وار سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے اپنی سوتیلی ماں پر تیز دھار آلے (کلہاڑی) سے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں دم توڑ گئیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو حراست میں لینے کے بعد اس کے قبضے سے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے کیس کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزم نے یہ اقدام کن حالات اور محرکات کے تحت کیا۔