ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کے معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سائیکیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں اس معاملے پر باضابطہ احتجاج کیا جائے گا اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا جائے گا۔سیکریٹری بی سی سی آئی نے کہا کہ بھارتی بورڈ ابتدا سے ہی حکومتی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کیونکہ ایشیا کپ ایک ملٹی نیشنل ایونٹ ہے اور بھارت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتا۔انہوں نے مزید کہا:پاکستان کو شکست دینے پر بھارتی ٹیم پر فخر ہے۔بھارتی کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کریں گے، کیونکہ وہ پاکستان حکومت کے اہم رہنما ہیں۔محسن نقوی ٹرافی اور میڈلز اپنے ساتھ لے گئے ہیں، لیکن بی سی سی آئی کو توقع ہے کہ یہ ٹرافی اور میڈلز جلد بھارت کو واپس کر دیے جائیں گے۔
بی سی سی آئی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو ہرانے پر بھارتی ٹیم کو 21 کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹرافی لینے سے انکار کیا۔ بی سی سی آئی نے اے سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا اور اس کے بعد ٹرافی میدان سے ہٹا لی گئی۔ تقریب میں محسن نقوی اسٹیج پر موجود رہے اور انہوں نے صرف رنر اپ ٹیم کو انعامات دیے۔ ٹرافی دیے بغیر ہی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔