ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کا عزم جیت کا اعلان

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کا عزم جیت کا اعلان

لاہور: صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی شاندار رونمائی کردی۔

 تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد ایونٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کے کپتان مشترکہ پریس کانفرنس کے لیے موجود تھے، جہاں انہوں نے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے اور فتح حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ چار ماہ سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور تمام کھلاڑی ایشیا کپ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جارحانہ انداز اپنانا فاسٹ بولرز کی خاصیت ہے، اور ہم اس بار بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہاں کی کنڈیشنز نئی نہیں ہیں اور ٹیم بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کافی عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کھیل رہی ہے۔ جون کے بعد سے ٹیم نے ایک ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلا، تاہم بطور ٹیم اس چیلنج کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی ٹیم گزشتہ چار روز سے بھرپور تیاری میں مصروف ہے تاکہ ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کیا جا سکے۔ماہرین کے مطابق ایشیا کپ 2025 اس بار نہ صرف ٹیموں کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوگا بلکہ شائقین کرکٹ کے لیے بھی یہ ایونٹ انتہائی دلچسپ ہوگا، کیونکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ایونٹ کا سب سے بڑا معرکہ سمجھا جا رہا ہے۔