ٹرمپ کا مائیکروسافٹ سے بائیڈن حکومت کی اہلکار کو برطرف کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیکروسافٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی گلوبل افیئرز کی سربراہ لیزا موناکو کو برطرف کرے، جو ڈیموکریٹک حکومتوں میں اعلی عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میری رائے میں مائیکروسافٹ کو فورا لیزا موناکو کی ملازمت ختم کر دینی چاہیے۔جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ریپبلکن صدر نے اپنے سیاسی مخالفین اور ناقدین کے خلاف متعدد سخت اقدامات کئے ہیں۔ قبل ازیں ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر اور ٹرمپ کے بڑے ناقد جیمز کومی پر دو فوجداری الزامات عائد کیے گئے، اس پر ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ مزید افراد پر بھی الزامات لگیں گے۔مائیکروسافٹ سے لیزا موناکو کو نکالنے کے مطالبے میں ٹرمپ نے یاد دلایا کہ وہ جو بائیڈن کی حکومت میں نائب اٹارنی جنرل رہ چکی ہیں، جب ان کے خلاف مقدمات چلائے گئے تھے۔ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ موناکو کو حیران کن طور پر مائیکروسافٹ میں صدر برائے عالمی امور جیسا اعلی عہدہ دیا گیا ہے، جہاں انہیں انتہائی حساس معلومات تک رسائی حاصل ہے۔