پنجاب میں کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر کارروائی کی گئی،7سول ڈیفنس افسران کے تبادلے
لاہور( نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سول ڈیفنس پنجاب کے 12 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست، 37 افسران و اہلکاروں کو معطل اور 7 افسران کے تبادلے کردیئے گئے۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب نے کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی پر فرمان اللہ(سرگودھا)، نوید(خوشاب)، محمد ارشاد اور ناصر اقبال(ملتان)، اصغر(لودھراں)، گروپ وارڈن رحمان مقبول اور حمزہ بلال بٹ(گوجرانوالہ)، امان اللہ اور فیضان(حافظ آباد)، شریف(نارووال)، بشیر احمد اور شبیر احمد(بہاولپور) کو ملازمت سے برخاست کردیا، جبکہ عملدرآمد کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔ کرپشن، بدعنوانی اور نااہلی کے الزامات پر 37 افسران و اہلکار بھی معطل کیے گئے، جن میں سول ڈیفنس آفیسر رحیم یار خان شکیب احمد، وہاڑی، سیالکوٹ، خوشاب اور ساہیوال کے اسسٹنٹس سردار علی، ثناء اللہ، محمد کامران اور شاہ نواز، نارووال اور گوجرانوالہ کے سینئر کلرک محمد الطاف اور محمد قاسم، 9 چیف انسٹرکٹرز، 15 انسٹرکٹرز سمیت دیگر ملازمین شامل ہیں۔ معطل افسران و اہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے اور انہیں سول ڈیفنس پنجاب ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طویل عرصہ تعیناتی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر 7 سول ڈیفنس افسران کے تبادلے بھی کیے گئے، جن میں مظفرگڑھ کی سول ڈیفنس آفیسر سیدہ سحرش ارشاد کو وہاڑی، محمد ریحان کو بہاولنگر، محمد عباس کو ساہیوال، محمد عدنان قیصر کو اوکاڑہ اور محمد اقبال جاوید کو فیصل آباد کا سول ڈیفنس آفیسر تعینات کیا گیا، جبکہ سدرہ یاسین رانا کو ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس پنجاب میں چیف اسٹاف آفیسر اور فرحانہ عزیز کو سول ڈیفنس آفیسر(سول سیکرٹریٹ) لاہور تعینات کردیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کے سربراہان کو محکمانہ احتساب یقینی بنانے کی ہدایت کررکھی ہے۔