ٹرمپ کیخلاف مقدمات میں شامل محکمہ انصاف کے12سے زائد اہلکار برطرف

 مقدمات بنانے والے ناقابل اعتبار، صدر کے ایجنڈے پر ایمانداری سے عمل نہیں کریں گے، قائم مقام اٹارنی جنرل
  واشنگٹن (آئی این پی)امریکی محکمہ انصاف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمات میں ملوث ایک درجن سے زائد عہدیداروں کو برطرف کر دیا ۔غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام اٹارنی جنرل جیمز میک ہنری نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مجرمانہ مقدمات میں شامل رہنے والے ایک درجن سے زائد اہلکاروں کو برطرف کردیا ہے ۔ قائم مقام اٹارنی جنرل کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمات میں اہم کردار ادا کرنے والے ناقابل اعتبار ہیں اور وہ صدر کے ایجنڈے پر ایمانداری سے عمل نہیں کریں گے۔محکمہ انصاف کے برطرف عہدیداروں کی اکثریت بطور پراسیکیوٹر کام کررہی تھی۔