اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزی، تازہ فضائی حملوں میں 24 بچوں سمیت 104 فلسطینی شہید

اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزی، تازہ فضائی حملوں میں 24 بچوں سمیت 104 فلسطینی شہید

رواں ماہ مصر میں ہونے والے غزہ امن معاہدے پر دستخط کے باوجود، اسرائیل نے جنگ بندی کی متعدد بار خلاف ورزی کی ہے۔

 اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ رات سے جاری فضائی حملوں میں 24 بچوں سمیت 104 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر، عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی ہلاکت پر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی ہے، لیکن جنگ بندی خطرے میں نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے صحیح رویہ اختیار نہ کیا تو امریکہ اس معاہدے کو ختم بھی کر سکتا ہے۔دوسری جانب، حماس نے رفح میں اسرائیلی فوج پر حملے کا الزام مسترد کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی یرغمالی کی لاش کی حوالگی مؤخر کی گئی تو وہ اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت میں اضافہ ہوا تو اس سے لاشوں کی تلاش، کھدائی، اور بازیابی کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوگی، جس سے غزہ میں موجود 13 یرغمالیوں کی لاشوں کی بازیابی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے جنوبی رفح میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد فوج کو طاقتور جوابی حملوں کا حکم دیا تھا، جس سے صورت حال کشیدہ ہے۔ عالمی برادری اس بحران کے حل کے لیے کوششیں کر رہی ہے، مگر صورت حال بدستور تشویشناک ہے۔