اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق، 10 اکتوبر سے نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 100 سے زیادہ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے چار فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ دوسری جانب، جنوبی غزہ میں حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کی ہے، جو کہ 13واں یرغمالی ہے، جس کی لاش ریڈ کراس کے ذریعے منتقل کی گئی ہے۔
گزشتہ روز جنگ بندی پر عمل درآمد کے بعد اسرائیلی فوج نے کریم شالوم بارڈر کراسنگ کھول دیا ہے، جہاں سے غزہ کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے، تاہم رفح کراسنگ تاحکمِ ثانی بند رہے گی۔اسرائیل نے اتوار کو حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے غزہ پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں 45 فلسطینی شہید ہوئے۔ حماس نے ان حملوں سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ نیتن یاہو نے اسرائیلی پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ اتوار کے روز اسرائیلی فورسز نے غزہ پر 153 ٹن بم گرائے۔