غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، 11 فلسطینی شہید، بچوں سمیت متعدد جاں بحق

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، 11 فلسطینی شہید، بچوں سمیت متعدد جاں بحق

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں تازہ کارروائیوں میں کم از کم 11 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس اتھارٹی کے مطابق شمالی علاقوں میں ہونے والے حملوں میں 3 اور 14 سال کے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔ ترجمان محمود بسال کے مطابق  غزہ سٹی میں ایک پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک 3 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔دوسری جانب غزہ کی وزارت داخلہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہر کے مرکزی علاقے میں پولیس گاڑی پر حملہ کیا، جس کے باعث متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ ایک پولیس اہلکار کی شہادت بھی رپورٹ ہوئی۔اس کے علاوہ شمالی علاقے  بیت لاہیا  میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہوا۔ شام کے وقت شاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک چوک پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں کئی افراد نشانہ بنے۔

الشفاء اسپتال کے مطابق شاطی کیمپ میں ہونے والے ڈرون حملے کے بعد 5 لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں، جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا۔واضح رہے کہ اکتوبر 2025 سے جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں مکمل طور پر نہیں رک سکیں، اور اس دوران اب تک تقریباً 760 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں مجموعی طور پر 72 ہزار 336 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 111 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ماہرین کے مطابق مسلسل حملوں کے باعث نہ صرف جنگ بندی کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ خطے میں انسانی بحران بھی مزید شدت اختیار کر رہا ہے، اور شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔