غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔
فلسطینی طبی حکام کے مطابق غزہ شہر کے الرِمال علاقے میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔طبی حکام کے مطابق شہید ہونے والوں میں 4 خواتین شامل ہیں، جن میں ایک مسیحی خاتون اور ان کی بیٹی بھی شامل ہیں۔ حملہ علی الصبح اس وقت کیا گیا جب عمارت میں موجود افراد سو رہے تھے۔مقامی ذرائع کے مطابق حملے سے عمارت کے ایک اپارٹمنٹ اور قریبی حصوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ امدادی کارکنوں نے ملبے میں ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش بھی کی۔
غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم 1,439 فلسطینی جاں بحق اور 5,052 زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں، جبکہ حماس ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔