تمام سافٹ ویئرز میں مسافروں کے ڈیٹا کے اندراج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے :سی سی پی او صدیق کمیانہ
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران ٹریول آئی سافٹ ویئر کی مدد سے دو کروڑ چونسٹھ لاکھ سے زائد افراد کی چیکنگ کی گئی۔ اسی طرح ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے بارہ لاکھ چھہتر ہزار سے زائد مسافروں کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ سمارٹ آئی سافٹ ویئر سے انتالیس ہزار سے زائد غیر ملکیوں کا ڈیٹا جانچا گیاان کارروائیوں کے دوران 1288 اشتہاری ملزمان اور 392 عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا گیا، جب کہ 2989 افراد کے خلاف مختلف مقدمات میں کریمینل ریکارڈ بھی ٹریس ہواسی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اشتہاری مجرمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں میں گھل مل کر سفر کرنے والے مطلوب افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور تمام سافٹ ویئرز میں مسافروں کے ڈیٹا کے اندراج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ کا مزید کہنا تھا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں میں نمایاں تیزی آئی ہے اور ایک محفوظ معاشرے کی تشکیل کی سمت ٹھوس پیش رفت جاری ہے۔