شیخ حسینہ کے خاندان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہونے لگا

 بنگلا دیش کے انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کیخلاف مختلف کیسز دائر کر دیئے
ڈھاکا(آئی این پی)شیخ حسینہ واجد کے خاندان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہونے لگا، بنگلا دیش کے انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کیخلاف مختلف کیسز دائر کر دیئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انسداد کرپشن کمیشن نے شیخ حسینہ، صائمہ وزید اور 14 دیگر افراد پر طاقت کا غلط استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔شیخ حسینہ، ان کی بہن اور دیگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے اراضی حاصل کی، 2015میں روس کے ساتھ معاہدے میں جوہری پلانٹ کی قیمت بڑھانے کے معاملے پر بھی تحقیقات جاری ہیں، شیخ حسینہ کے خاندان کے خلاف 3.9 ملین پائونڈ کی بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔شیخ حسینہ کی بھانجی اور برطانوی وزیر ٹیولپ صدیق پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کرپشن کرنے کی کوشش کی، ٹیولپ صدیق پر الزام ہے کہ انہوں نے 10 ارب پانڈ کے روپور پاور پلانٹ منصوبے میں کرپشن کی۔ٹیولپ صدیق اور ان کے خاندان کے دیگر ارکان کے خلاف کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں اور بنگلہ دیش میں ان کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔شیخ حسینہ اور ان کے حکومتی اقدامات کے خلاف عالمی عدالت میں نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات بھی دائر کئے گئے ہیں۔