بانی چیئرمین کی ہدایت پرتین رکنی کمیٹی آج غائب رہنے والے ممبران کے خلاف کارروائی کی حکمت عملی طے کرے گی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)26 ویں آئینی ترامیم کے دوران غائب رہنے والے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے پارٹی نے سماعت کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔رپورٹ کے مطابق کمیٹی میں سابق سپیکر اسد قیصر، عون عباس بپی، سردار اظہر طارق شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد کمیٹی نے کام شروع کر دیا، کمیٹی اپنی پہلی میٹنگ آج کرے گی، اجلاس کے لئے تمام کمیٹی ممبران کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی آج اپنی حکمت عملی تیار کرے گی۔ پارٹی کی جانب سے 26 ویں آئینی ترامیم کے دوران غائب رہنے والے پارلیمنٹیرینز کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ غائب رہنے والے ایم این ایز میں زین قریشی، ریاض فتیانہ، مقداد علی خان ، بریگیڈئیر اسلم گھمن شامل ہیں۔ذرائع نے کہا کہ سینیٹر زرقا اور سینیٹر فیصل سلیم بھی آئینی ترامیم کے دوران پارٹی سے رابطے میں نہ تھے، سینیٹر فیصل سلیم کے علاوہ تمام پارلیمنٹیرنز نے شوکاز نوٹس کا جواب بھجوا دیا ہے، کمیٹی تمام پارلیمنٹیرینز کو سننے کے بعد فیصلہ کرے گی۔اس میں کہا گیا کہ اگر پارلیمنٹیرینز مقرر کئے گئے وقت پر کمیٹی سامنے حاضر نہیں ہوتے تو کمیٹی ان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنائے گی۔