پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ پر ٹریفک کی نگرانی اور مؤثر انتظام کے لیے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کی منظوری صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے دی، جنہوں نے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، چیئرمین پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی فیصل فرید، اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس منصوبے کے تحت کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر رنگ روڈ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں قائم کیا جائے گا، اور اس کی کل لاگت 871 ملین روپے ہے۔ منصوبہ چار ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اس سنٹر میں 42 بڑی اسکرینیں اور 20 تجزیاتی (اینالٹیکل) اسکرینیں نصب کی جائیں گی، جن کے ذریعے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ گاڑیوں کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی۔اس نظام کے ذریعے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو مانیٹر کیا جائے گا بلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں جیسے اوور اسپیڈنگ، لین ڈسپلن، سگنل توڑنے، اور غلط سمت میں سفر کرنے کے واقعات کو بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔ اس کے لیے ہائی ریزولوشن کیمرے، خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام (ANPR)، اور جدید ڈیٹا اینالیسس سافٹ ویئرز کا استعمال کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اس جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم ہوں گی، اور حادثات میں کمی آئے گی۔ یہ نظام ٹریفک پولیس، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، اور رنگ روڈ اتھارٹی کے درمیان مؤثر رابطہ بھی برقرار رکھے گا، جس سے ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع اور کارروائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کی تعمیراتی رفتار تیز کی جائے تاکہ لاہور رنگ روڈ کو ملک کی سب سے جدید اسمارٹ ہائی وے میں تبدیل کیا جا سکے۔