پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ماڈرن فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی 188 سبزی و پھل منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ماڈرن سبزی منڈیوں میں شفاف نیلامی (آکشن) کا نظام نافذ کیا جائے گا جبکہ آف سیزن سبزیوں کی دستیابی کے لیے جدید کاشتکاری کے طریقے اپنائے جائیں گے۔ نئی منڈیوں میں خریداروں اور آڑھتیوں کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے، آن لائن ٹریکنگ سسٹم فعال ہوگا اور صاف ستھرے اور فعال ٹوائلٹس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
تمام 188 منڈیوں میں براہِ راست نیلامی کے لیے آکشن شیڈز فعال ہوں گے اور پینے کے صاف پانی کے لیے فلٹریشن پلانٹس بحال کیے جائیں گے۔ منڈیوں میں ریٹ بورڈ آویزاں کیے جائیں گے جبکہ 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس بھی فعال کی جائیں گی۔ ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے تحت سبزی و پھلوں کے گرین ویسٹ کو بایو گیس اور پولٹری فیڈ میں تبدیل کیا جائے گا، اور ہر منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال کر دیا گیا ہے۔
ٹرکوں اور سبزیوں و پھلوں کی طلب و رسد کے ریکارڈ کے لیے ٹریکنگ آن وہیل سسٹم نافذ کیا جائے گا، اور پنجاب میں آنے والے ہر ٹرک کی ٹریکنگ سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک ہوگی۔ قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، میاں چنوں اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت دی ہے کہ آف سیزن سبزیوں کے حصول کے لیے جدید کاشتکاری کے طریقے اپنائے جائیں اور عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ایسے افسران کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں میں سیکرٹریز کی بھرتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر کی جائے گی، پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور حکومت ہر صورت عوام کو سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کرے گی۔