لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ڈوکنگ ڈرون ٹیکنالوجی کے کامیاب ٹیسٹ رن کے بعد ایمرجنسی 15 کالز پر فوری کارروائی مزید تیز کر دی۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک، احتجاج اور دیگر شکایات پر ڈرونز کو فوراً جائے وقوعہ پر روانہ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز مغلپورہ انڈرپاس کے قریب شہری کی اطلاع پر ڈرون چند منٹوں میں موقع پر پہنچا اور کنٹرول روم کو لائیو ویڈیو فراہم کی، جس پر متعلقہ پولیس یونٹ نے فوری کارروائی کی۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے ریسپانس ٹائم اور جرائم کی روک تھام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پر سسٹم پورے پنجاب میں توسیع پائے گا۔