سیف سٹیز اتھارٹی: سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف

بسوں، ویگنوں، رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں بٹن نصب ہوگا
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل پنجاب ویڑن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوامی تحفظ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم" متعارف کرا دیا ہے۔ اس جدید نظام کا مقصد پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دورانِ سفر فوری مدد اور مؤثر پولیس رسپانس کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی بسوں، ویگنوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیا جائے گا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اس جدید نظام کو مکمل طور پر اِن ہاؤس تیار کیا ہے جس کے باعث حکومت یا ٹرانسپورٹ مالکان پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز پبلک سیفٹی ایپ یا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے مفت QR پینک بٹن حاصل کر سکیں گیترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق, دنیا بھر میں مختلف ٹرانسپورٹ سیفٹی سسٹمز محدود سہولیات فراہم کرتے ہیں، تاہم پنجاب میں متعارف کرایا جانے والا QR پینک بٹن سسٹم ایک ہی پلیٹ فارم پر 12 نمایاں حفاظتی فیچرز فراہم کرے گا۔ ان فیچرز میں ایمرجنسی کال، ویڈیو کال، لائیو چیٹ، لائیو لوکیشن شیئرنگ، گاڑی کی تصدیق، ڈرائیور اور مالک کی معلومات، فیملی شیئرنگ، فوری پولیس رسپانس اور دیگر جدید حفاظتی سہولیات شامل ہیں۔پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے شہری سفر کے آغاز پر QR پینک بٹن اسکین کر کے گاڑی، ڈرائیور اور مالک کی تصدیق شدہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔ مسافر اپنی حفاظت کو مزید یقینی بنانے کے لیے یہ معلومات یا QR کوڈ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی شیئر کر سکیں گے تاکہ ان کے پیارے دورانِ سفر ان کی ٹرانسپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ رہیں۔ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، ہراسگی، حادثے یا سیکیورٹی خدشے کی صورت میں مسافر QR پینک بٹن کے ذریعے ایمرجنسی 15 سے فوری رابطہ کر سکیں گے۔ شہری کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے اپنی شکایت یا مدد کی درخواست درج کرا سکیں گے۔ سسٹم خودکار طور پر مسافر کی موجودہ لوکیشن اور متعلقہ گاڑی کا ڈیٹا سیف سٹی کنٹرول روم کو منتقل کر دے گا، جس کے بعد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے صورتحال کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے متعلقہ پولیس ٹیم کو فوری کارروائی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ یہ سہولت صرف مسافروں تک محدود نہیں بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیورز بھی دورانِ ڈیوٹی کسی ہنگامی صورتحال، ڈکیتی، جھگڑے یا دیگر خطرات کی صورت میں QR پینک بٹن استعمال کرتے ہوئے فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی نے QR پینک بٹن سسٹم کو گاڑیوں کے رجسٹریشن ریکارڈ کے ساتھ منسلک کیا ہے