سیف سٹیز اتھارٹی کی ڈرون نگرانی سے فضائی آلودگی پر کنٹرول

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔ سیف سٹی ڈرون ٹیم مختلف علاقوں میں دھویں اور آگ کے واقعات کی فوری نشاندہی کر کے معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچا رہی ہے۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق موہلنوال کے علاقے میں کچرے میں لگنے والی آگ اور دھویں کے اخراج کی فوری رپورٹ محکمہ تحفظ ماحولیات کو فراہم کی گئی تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اسی طرح قائداعظم انڈسٹریل ایریا، خیضر آباد اور ڈیفنس روڈ لاہور میں بھی دھویں کے اخراج کا پتہ لگا کر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی گئی۔سیف سٹی ترجمان نے کہا کہ ڈرون نگرانی نہ صرف سموگ اور آلودگی کی بروقت نشاندہی کر رہی ہے بلکہ ہنگامی معاونت فراہم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر مدد بھی یقینی بنا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اس نظام سے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی ممکن ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔