ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر صرف ٹائپ کر کے کیمروں کو ہدایت دے سکیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویڑن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید اے آئی بیسڈ اسمارٹ سٹی مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس جدید نظام کا مقصد شہری مسائل، جرائم اور ہنگامی صورتحال کی بروقت نشاندہی، مؤثر سرویلنس اور تیز رفتار ریسپانس کو یقینی بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، پنجاب سیف سٹی نے جدید اے آئی بیسڈ فیچر ‘ٹاک ٹو کیمرا’ متعارف کروا دیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے سیف سٹی میں تعینات ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر صرف ٹائپ کر کے کیمروں کو ہدایت دے سکیں گے کہ وہ کسی بھی مسئلے یا صورتحال کی فوری شناخت کریں۔ یہ نظام پورے کیمرہ نیٹ ورک کو رئیل ٹائم میں سکین کرکے فوری، درست اور جامع معلومات فراہم کرتا ہے، جس سے نگرانی کے عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ترجمان سیف سٹی نے بتایا کہ جدید اے آئی سسٹم کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی خودکار نشاندہی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جیسے ہی سسٹم کو کوئی ٹاسک دیا جاتا ہے، یہ پورے نیٹ ورک کے تمام کیمروں کو اسکین کرکے معلومات فراہم کر دیتا ہے، لودھراں سانحے کے بعد اوپن مین ہولز کی بروقت نشاندہی کے لیے خصوصی اے آئی ماڈیول بھی تیار کیا گیا ہے، جو اوپن مین ہول، اوور فلو ڈمپسر، دھوئیں اور دیگر خطرناک صورتحال کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔لاہور اور شیخوپورہ میں کامیاب پائلٹ پراجیکٹس کے بعد ٹاک ٹو کیمرا فیچر کو پورے پنجاب میں فعال کر دیا گیا ہے سیف سٹی کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی بدولت شہری سروسز میں بہتری، ہنگامی صورتحال میں تیز ریسپانس اور مجموعی شہری تحفظ میں نمایاں اضافہ ممکن ہوا ہے۔ سیف سٹی کی جانب سے شہریوں کی مزید سہولت اور حفاظت کے لیے مستقبل میں بھی جدید فیچرز متعارف کرائے جائیں گے