فوڈاتھارٹی :300لٹر جعلی دودھ، 480لٹر پری مکس تلف

2مقدمات درج، ملزم گرفتار،گیس سلنڈر، چولہے، مکسنگ مشین ضبط
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چونگی امرسدھو میں دودھ فراڈ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے 300لٹر تیار دودھ، 480لٹر پری مکس تلف کر دیا ،2مقدمات درج، ملزم گرفتار،گیس سلنڈر، چولہے، مکسنگ مشین، 29ٹین گھی، 29بیگ پائوڈر، 3ڈرم اور سپلائر رکشہ ضبط کر لیا گیا ، تلف کردہ پری مکس سے تقریباً 4ہزار لٹر جعلی دودھ تیار کر کے مارکیٹ میں سپلائی ہونا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر مقدمہ درج، یونٹ بند کر دیا گیا، رہائشی علاقے میں چھپ کر گھر میں جعلی دودھ تیار کرنے والا گروہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، رات کو جعلی دودھ تیار کر کے علی الصبح دکان پر سپلائی کیا جاتا تھا، پائوڈر،کیمکلز، ناقص گھی اور جعلی گاڑھا محلول موقع سے برآمد کر لیا گیا، پائوڈر، پانی، گھی سے جعلی دودھ تیار کر کے صارف کو دھوکہ دیا جارہا تھا،موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر جعلی دودھ تلف کیا گیا۔ عاصم جاوید نے کہا کہ جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتے ہیں۔