تیار دودھ کو رات گئے اور علی الصبح دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا:ڈی جی
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے لاہور کے نواحی علاقے نتھوکی میں جعلی دودھ تیار کرنے والا یونٹ پکڑ کر400لٹر دودھ تلف ، سپلائر گاڑی، کین، 32 بوریاں پائوڈر اور 55خالی بوریاں ضبط کر لی گئیں، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر مقدمہ درج کر کے موقع سے ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تیار دودھ کو رات گئے اور علی الصبح دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا،پائوڈر،کیمیکلز، ناقص گھی اور جعلی گاڑھا محلول موقع سے برآمد کر لیا گیا۔پائوڈر، پانی، گھی سے جعلی دودھ تیار کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر جعلی دودھ تلف کیا گیا۔فوڈا تھارٹی کے مطابق طویل ریکی کے بعد نواحی علاقے میں موجود گھر میں چھپ کر جعلی دودھ بنانے والے گروہ کو پکڑا گیا۔