روسی صدر کے دورۂ بھارت میں دفاعی معاملات پر کوئی بڑا اعلان متوقع نہیں: بھارتی سیکرٹری دفاع

روسی صدر کے دورۂ بھارت میں دفاعی معاملات پر کوئی بڑا اعلان متوقع نہیں: بھارتی سیکرٹری دفاع

بھارتی سیکریٹری دفاع راجیش کمار نے بتایا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورۂ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاملات میں کسی بڑے اعلان کی توقع نہیں ہے۔

 انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس دورے میں ایس-400 میزائل سسٹم پر کوئی اہم پیش رفت متوقع نہیں ہے۔راجیش کمار کے مطابق، بھارتی حکومت روس کے ساتھ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی، مگر ساتھ ہی روس سے ایس-400 میزائل نظام کی ترسیل میں تاخیر پر وضاحت مانگی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے کہ اس دورے میں روسی صدر سے اضافی ایس-400 یونٹس کے آرڈر دینے پر بات چیت ہو، لیکن اصل توجہ ہتھیاروں کی فراہمی میں تاخیر کو حل کرنے اور زیر التوا سپلائی کے لیے ٹائم لائنز حاصل کرنے پر ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ولادیمیر پیوٹن 4 سے 5 دسمبر کے دوران بھارت کا دورہ کریں گے، جس میں اہم دفاعی معاہدوں اور تعاون کی نوعیت پر بات چیت متوقع ہے۔ تاہم، اس دورے میں بڑے اعلان یا معاہدے کرنے کی کوئی توقع نہیں ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور موجودہ دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔