وزیراعظم کے دورۂ روس؛ تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری پر پیش رفت متوقع

وزیراعظم کے دورۂ روس؛ تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری پر پیش رفت متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ روس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں 15 سے 16 معاہدوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

مجوزہ معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کے دورۂ روس کو انتہائی اہم اور تاریخی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے ذریعے پاکستان اور روس کے تعلقات کو نئی سمت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔پاکستانی سفیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ترجیحات میں سیاسی روابط کے ساتھ ساتھ تجارت، عوامی سطح پر رابطوں، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانا بھی شامل ہے۔ ان شعبوں سے متعلق مختلف امور کو مجوزہ معاہدوں کا حصہ بنایا جائے گا۔

توانائی اور سرمایہ کاری میں تعاون پر توجہ

دورے کے دوران توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ پاکستان اور روس کے درمیان ان شعبوں میں جاری بات چیت کو آگے بڑھانے اور باہمی مفادات کے منصوبوں پر پیش رفت کے امکانات ہیں۔معاہدوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو وسعت دینے، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

وزیراعظم 30 نومبر سے روس کا دورہ کریں گے

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور توانائی سمیت سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔