ترکیہ کا بڑا دفاعی فیصلہ، آئندہ 3 سال میں دفاعی اخراجات 229 فیصد بڑھانے کا اعلان

ترکیہ کا بڑا دفاعی فیصلہ، آئندہ 3 سال میں دفاعی اخراجات 229 فیصد بڑھانے کا اعلان

انقرہ: ترکیہ نے نئے درمیانی مدت کے معاشی منصوبے کے تحت 2027 سے 2029 تک دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

ترک نائب صدر جودت یلماز نے تین سالہ معاشی منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دفاعی صنعت میں ایسا ترکیہ تشکیل دینا چاہتی ہے جو جدید ٹیکنالوجی خود تیار کرنے اور دفاعی پیداوار میں اضافے کی صلاحیت رکھتا ہو۔جودت یلماز کے مطابق عالمی معاشی، تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں ترک معیشت پر اثر انداز ہو رہی ہیں، اس لیے دفاعی صنعت اور ملکی ٹیکنالوجی کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہو چکا ہے اور حکومت اس حوالے سے پیش رفت کر رہی ہے۔ترکیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے منصوبوں میں بحری شعبہ بھی شامل ہے۔ ترک بحریہ کے مطابق ملک کا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز MUGEM 27 ستمبر 2027 کو سمندر میں اتارنے کا منصوبہ ہے۔

ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومن اوغلو کے مطابق MUGEM سے بغیر پائلٹ طیارے آپریٹ کیے جا سکیں گے، جبکہ جہاز سے بغیر پائلٹ بحری اور زیرِ آب گاڑیاں بھی تعینات کی جا سکیں گی۔ترکیہ کا کہنا ہے کہ دفاعی اخراجات میں اضافے اور بحری منصوبوں کا مقصد جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے حصول، مقامی پیداوار اور ملکی دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو مزید وسعت دینا ہے۔