سری لنکا میں سیلابی صورتحال، 56 افراد ہلاک، 600 سے زائد گھروں کو نقصان

ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم  ،  تمام سرکاری دفاتر اور اسکول بند ،صدر زرداری کا  اظہار افسوس
کولمبو،اسلا م آباد (آئی این پی )سری لنکا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی،ملک بھر میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے کم از کم 56 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 600 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق دارالحکومت کولمبو سے تقریبا 300 کلومیٹر مشرق میں واقع اور چائے کی پیداوار کے لئے  مشہور بادولا اور نوورا ایلیا کے وسطی پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے باعث 25 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔   لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گھر ملبے تلے دب گئے۔حکام کے مطابق شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق، بادولا اور نوورا ایلیا میں مزید 21 افراد لاپتا اور 14 زخمی ہوئے ہیں، ملک کے دیگر حصوں میں بھی زمین کھسکنے کے واقعات میں مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں، شدید موسم کے باعث زیادہ تر ڈیم اور دریاں میں پانی کی سطح حد سے تجاوز کر گئی ہے جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔حکام نے کئی حصوں میں مسافر ٹرینیں روک دی اور سڑکیں بند کر دی ہیں، راستوں اور ریلوے ٹریکس پر پتھر، مٹی اور درخت گر گئے۔  شدید بارشوں کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ کئی سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آ گئی ہیں، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے