سیلابی صورتحال نے معیشت کوشدید نقصان پہنچایا ہے، جہانگیر ترین

اب حکومت اور ہم سب پر بھاری ذمہ داری ،بگڑے نظام کو درست کریں، یہ آفت ہمیں جگا چکی کہ آئندہ کی منصوبہ بندی ناگزیر ہے
حکومت کیساتھ ہرممکن تعاون ،عوامی ریلیف کیلئے کردارادا کریں گے،سینیئرسیاستدان کا متاثرہ علاقوں کا دورہ، خاندانوں سے ملاقات 
لودھراں(آئی ا ین پی ) سینیئرسیاستدان و سماجی رہنما جہانگیر ترین خان نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال نے معیشت کوشدید نقصان پہنچایا ہے، اب حکومت اور ہم سب پر بھاری ذمہ داری ہے کہ اس بگڑے ہوئے نظام کو درست کریں، سیاست چھوڑ دی ہے لیکن عوام کا خیال رکھنا کبھی نہیں چھوڑوں گا۔جہانگیر ترین ہیلی کاپٹر کے ذریعے خانواں گھلواں کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔جہانگیر خان ترین نے متاثرین کی مشکلات سنی اورکہا کہ سیلاب نے بہت زیادہ تباہی مچائی ہے جس سے نہ صرف مکانات اور کھیت متاثرہوئے ہیں بلکہ مواصلاتی رابطے بھی منقطع ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کیساتھ ہرممکن تعاون کریں گے اورعوامی ریلیف کیلئے کردارادا کریں گے، حالات کو ٹھیک کرنا حکومت اورعوام دونوں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن یہ آفت ہمیں جگا چکی ہے کہ آئندہ کی منصوبہ بندی ناگزیر ہے