اسرائیلی فوج نے 2 نہتے فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کردیا

 غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال خراب، نسل کشی جیسے حالات برقرار ہیں
غزہ(آئی این پی )مغربی کنارے کے شہر جنین میں دو فلسطینیوں کو اسرائیلی اہلکاروں نے ہتھیار ڈالنے کے باوجود گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو حکام نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی  خبررساںادارے  کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا ہے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فوٹیج میں دونوں فلسطینی نوجوانوں کو ہاتھ اوپر اٹھائے ایک عمارت سے باہر نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔فلسطینی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ محمود قاسم عبداللہ اور 37 سالہ یوسف عصا کے نام سے ہوئی ہے۔  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں افراد ہاتھ اٹھائے باہر آئے تو متعدد اسرائیلی بارڈر گارڈز نے انہیں گھیر لیا۔ وہ گھٹنے ٹیک کر بیٹھ گئے، ان میں سے ایک نے اپنی شرٹ اٹھا کر ظاہر کیا کہ وہ مسلح نہیں ہے۔ کچھ دیر بعد دونوں دوبارہ عمارت میں چلے گئے، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔دریں اثنا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال خراب ہے اور اسرائیلی اقدامات سے نسل کشی جیسے حالات برقرار ہیں