فلسطینیوں کو امریکا کی زیرنگرانی چلنے والے امدادی کیمپ کے قریب نشانہ بنایا گیا، اقوام متحدہ کی غزہ میں اسرائیلی امداد تقسیم کرنے کے منصوبے کی مذمت
غزہ(آئی این پی )غزہ میں صہیونی فورسز کی فائرنگ سے مزید 47افراد شہید ہوگئے جن میں سے تقریبا نصف کو امریکا کی زیر نگرانی چلنے والے امدادی کیمپ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ غیرملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب نہتے شہری امریکی تعاون سے چلنے والے امدادی تنظیم غزہ ہیومینٹیرین فائوندیشن کے کیمپ کی جانب خوارک کی تلاش میں جارہے تھے۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں اسرائیلی امداد تقسیم کرنے کے منصوبے کی مذمت کی ہے۔ہیلتھ ورکرز کی جانب سے بتایا گیا کہ رفح میں امدادی کیمپ کے قریب اسرائیلی حملے سے 47افراد شہید جبکہ 200سے زائد زخمی ہوئے۔اقوام متحدہ نے اسرائیل کے امریکی نگرانی میں چلنے والے امدادی منصوبے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناکافی، خطرناک، انسانی حقوق اور غیر جانبداری کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتا ہے۔اقوام متحدہ کے فلسطینی مہاجرین کے لیے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ کئی دنوں کے دوران متعدد افراد کو شہید اور زخمی کیا گیا ہے، بشمول ان لوگوں کے جو اس تقسیم کے خطرناک نظام میں خوراک کی تلاش میں امدادی کیمپس کا رخ کر رہے تھے۔