اسرائیلی فوج کی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بمباری، 57 شہید

 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور قحط کے باعث مزید 11 فلسطینیوں کی شہادت ، بھوک سے شہید افراد کی تعداد 251 تک پہنچ گئی
 غزہ کے پانچ لاکھ افراد قحط کا شکار ہیں، اور صرف فوری جنگ بندی سے ہی اس بحران کا حل ممکن ہے:ورلڈ فوڈ پروگرام کی وارننگ
   نیو یارک (آن لائن) اسرائیلی فوج نے امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ اور بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں مزید 57 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔  غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے امداد کے منتظر 38 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ غزہ کے ال اہلی اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں بھی کئی  افراد کی شہادتیں ہوئی ہیں۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے کی جانب  سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور قحط کے باعث مزید 11 فلسطینیوں کی شہادت ہوئی، جس کے بعد بھوک سے شہید ہونے والوں کی تعداد 251 تک پہنچ گئی ہے۔  ان میں 108 بچے بھی شامل ہیں۔ قحط کی صورتحال غزہ کے بیشتر حصوں میں سنگین ہوگئی ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے پانچ لاکھ افراد قحط کا شکار ہیں، اور صرف فوری جنگ بندی سے ہی اس بحران کا حل ممکن ہے