گرڈ اسٹیشن کا قیام مستحسن اقدام ، انڈسٹریل اسٹیٹ میں لگنے والی انڈسٹری کو ضرورت کے مطابق بجلی ملے گی،صوبائی وزیر
لاہور ( خصوصی رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔1254ملین روپے کی لاگت سے بننے والے 132کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سے انڈسٹری کو بجلی کی ترسیل کا مشاہدہ کیا۔ صوبائی وزیر نے فارماسیوٹیکل گروپ کی جانب سے انڈسٹریل اسٹیٹ میں نئے لگنے والے ادویہ سازی کے پلانٹ کا بھی افتتاح کیا،پلانٹ کا دورہ کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے بیسٹ وے گروپ کے عالمی معیار کے جدید پیکنگ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور پیداواری عمل کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ اس پیکنگ پلانٹ میں روزانہ 3لاکھ بیگز تیار ہورہے ہیں۔بیسٹ وے گروپ نے اس موقع پر اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کا بھی عندیہ دیا۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں ترقیاتی امور بارے بریفننگ دی اور بتایا کہ427 ایکڑ رقبے پر بننے والی بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں 6فیکٹریاں پیداوار دے رہی ہیں جبکہ یہاں انڈسٹری کو مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر گیس مل رہی ہے۔