ساہیوال میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی۔چودھری شافع حسین

پیرسیدعمران علی شاہ،ایم پی اے ملک ایم ارشد، چوہدری راشد ملاقات میں موجود تھے
لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت  شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت ساہیوال کے وفد نے ملاقات کی جس میں صنعتکاروں کے مطالبے پر ساہیوال میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ساہیوال میں پہلے سے موجود سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے 100فیصد کالونائز ہوئے اور انڈسٹری کی ضرورت کے پیش نظر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ پیرسیدعمران علی شاہ،ایم پی اے ملک ایم ارشد،ایوان صنعت و تجارت ساہیوال کے صدر چوہدری راشد حمید اور صنعتکار ملاقات میں موجود تھے۔سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود،چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال،ایم ڈی پیسک سائرہ عمر اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ساہیوال میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی اور ساہیوال میں پہلے سے موجود سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھانا میرا مشن ہے،انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100فیصد کالونائزیشن حکومت کی ترجیح ہے۔اب انڈسٹریل اسٹیٹ میں حاصل کئے گئے پلاٹ پر 2 سال کے اندر صنعتی یونٹ لگانا ہوگا۔ پالیسی پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے پلاٹ کینسل ہوں گے۔صنعتی مراکز کو کسی صورت پراپرٹی کے کاروبار کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ساہیوال کی ضلعی انتظامیہ کو نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے دو ہفتے کے اندر بنجر اراضی کی نشاندھی کرنے کی ہدایت کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ساہیوال کے ضلعی حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔