میواکی جنگل میں گھپلے،کھاتہ کھل گیا

 جنگل لگانے سے قبل 78 لاکھ کی ادائیگی کا الزام ،طے شدہ گملوں کے بجائے تھیلی والے پودے لگائے گئے 
لاہور (کرائم رپورٹر) سابق حکومت کا شجرکاری کے لئے فلیگ شپ پراجیکٹ تحقیقات ریڈار پر آگیا۔میواکی جنگل میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن پر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ میواکی جنگل لگانے میں پی ایچ اے زون ون نے قانونی ضابطہ اخلاق کو پامال کیا۔ جنگل لگانے کا منصوبہ سابق وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے دور میں مکمل ہوا۔منصوبے میں مبینہ کرپشن پر اینٹی کرپشن کو موصول درخواست پر مقدمہ درج ہوا۔ پی ایچ اے نے محکمانہ طور پر میواکی جنگل میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر انکوائری شروع کر دی، انکوائری میں الزام عائد کیا گیا کہ پی ایچ اے زون ون میں میواکی جنگل کا کام کرنے سے قبل 78 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ پی سی ون کے مطابق گملوں کے بجائے تھیلی والے پودے لگائے گئے۔ میواکی سائٹ پر 3 فٹ تک مٹی ڈالی جانی تھی جو نہیں ڈالی گئی،کرپشن ثابت ہونے پر افسروں سے ریکوری کی جائے گی۔