27 ملزم جوڈیشل، 12کا 2 روز کا ریمانڈ دیا گیا، 750 ملزموں کی پیشی
کراچی میں عدالت نے عدم حاضری پر 11 رہنماؤں کی ضمانتیں منسوخ کر دیں
راولپنڈی، کراچی (خصوصی رپورٹ)24 نومبر کے احتجاج میں گرفتار ملزموں کی انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی ہوئی۔راولپنڈی ڈویڑن سے گرفتار 750 سے زائد ملزموں کی پیشی کا عمل مکمل ہوا، ملزموں کو اٹک، چکوال اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں سے لایا گیا۔انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی، تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 77 ملزموں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔عدالت نے 27 ملزموں کو جوڈیشل کر دیا، تھانہ وارث خان کے مقدمہ میں 12 ملزموں کا 2 روز کا ریمانڈ دیا گیا، تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں چار دن کا ریمانڈ دیا گیا۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔عدالت نے عدم حاضری پر پی ٹی آئی کے 11 رہنماؤں کی ضمانتیں منسوخ کر دیں، عدالت نے تمام 11 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ملزموں میں فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان، راجہ اظہر، عدیل احمد شامل ہیں، عالمگیر خان، فہیم خان، شیخ محبوب جیلانی، محمد طاہر، حنیف خان، رواض خان اور محمد فیضان بھی ملزموں کی فہرست میں شامل ہیں۔پراسیکیوٹر غلام عباس کے مطابق تمام ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے، عدالت نے تمام 11 ملزموں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ملزموں پر 9 مئی 2023 کو جلاؤ گھیراؤ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت متعدد الزامات ہیں۔