اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نااہلی کے خلاف فیض آباد احتجاج کے کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن کے دو گواہان نے اپنے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرا دیے۔
گواہوں نے بیان دیا کہ وہ موقع پر موجود تھے اور دیکھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مقام پر آئے۔ جب کارکنان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے باہر جانا چاہتے ہیں۔ گواہوں کے مطابق کارکنان نے پی ٹی آئی کے جھنڈے اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے۔عدالت نے سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی ہے، جس پر اگلی تاریخ پر مزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے اور گواہوں کی جرح بھی کی جائے گی۔یاد رہے کہ اس مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈاپور، فیصل جاوید، عامر کیانی، واثق قیوم اور دیگر نامزد ہیں، اور یہ مقدمہ تھانہ آئی 9 میں درج ہے۔