بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے آخری دو گواہان یعنی نیب افسر محسن ہارون اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد پرویز کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ وکلاء صفائی 24 ستمبر کو ان بیانات پر جرح کریں گے۔ٹرائل میں استغاثہ کے تمام بیس گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں، اور مزید کوئی گواہ پیش نہیں کیا جائے گا۔ مقدمے میں پہلے ہی 18 گواہان کے بیانات پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔سماعت کے دوران عمران خان اور بشری بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں عمران خان کی تینوں بہنیں اور بشری بی بی کی بیٹی مہر النساء احمد بھی موجود تھیں۔
اس کے علاوہ سینیٹر مشال یوسف زئی اور سینیٹر علی ظفر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔وکلاء صفائی کی جانب سے ارشد تبریز اور ظہیر چوہدری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ استغاثہ کی جانب سے ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک نے شرکت کی۔سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی زیرصدارت ہوئی اور مقدمے کی سماعت کو 24 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔