گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کیس، استغاثہ کے دونوں اہم چشم دید گواہان کے بیانات ریکارڈ

گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کیس، استغاثہ کے دونوں اہم چشم دید گواہان کے بیانات ریکارڈ

اسلام آباد: گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں استغاثہ کے دونوں اہم چشم دید گواہان کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے۔

 انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلائے صفائی کو گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جس میں سرکار کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راجا نوید حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

استغاثہ کی وکلائے صفائی کو جرح کی درخواست

دورانِ سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر راجا نوید حسین نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وکلائے صفائی آج ہی گواہان پر جرح کریں۔ انہوں نے کہا کہ استغاثہ کی جانب سے اب تک 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے جاچکے ہیں، تاہم ان پر جرح نہیں کی جارہی۔پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ گواہان پر جرح کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔

30 نومبر کو کیس کی مزید سماعت ہوگی

عدالت نے وکلائے صفائی کو آئندہ سماعت پر گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے استغاثہ کے بقیہ تمام گواہان کو بھی طلب کرلیا۔