سوا 4کروڑ کی منشیات پکڑی گئی 4ملزمان گرفتار

 اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف مختلف شہروں میںکریک ڈائون،مقدمات درج
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کوگرفتار کرکے4 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 57.1 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق گورنمنٹ کالج مانسہرہ کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ شاہ مقصود انٹرچینج ہزارہ موٹروے ہری پور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 14.4 کلو چرس برآمد کرکے2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔مانگا پل مریدکے ضلع نارووال کے قریب ملزم کے بیگ سے 3.3 کلو چرس برآمد کی گئی۔ وندرضلع حب کے ویران علاقے میں جھاڑیوں میں سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 28 کلو ہیروئن برآمد کی گئی ۔جیوانی، ضلع گوادر کے غیرآباد علاقے میں سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 9 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔