اسلام آباد: نیٹ میٹرنگ پالیسی تیار، ایک ماہ میں جاری ہو سکتی ہے : اویس لغاری

اسلام آباد: نیٹ میٹرنگ پالیسی تیار، ایک ماہ میں جاری ہو سکتی ہے : اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی تیار کر لی گئی ہے، جسے منظوری کے بعد ایک ماہ میں نافذ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متبادل توانائی کا انقلاب آ چکا ہے اور گزشتہ ایک سال میں صنعتی شعبے کا ٹیرف 30 فیصد کم کیا گیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک کے ٹیرف فیصلے کا نیپرا میں دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر آمدن حاصل کرنی چاہیے، خیرات کے ذریعے نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاور ٹیرف میں پائیدار کمی کے لیے کوشاں ہے اور اصلاحات کے ذریعے صارفین کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔اس سے قبل ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سستی اور دستیاب بجلی بڑھانے پر کام کر رہی ہے، لیکن دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی مہنگی ہو گی کیونکہ اس کے لیے مطلوبہ فنانسنگ دستیاب نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کو بجلی کی خرید و فروخت سے باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مستقبل میں نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔اویس لغاری نے یہ بھی بتایا کہ:بلوچستان میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے سالانہ 60 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔پاکستان کو بنیادی لوڈ کے لیے کوئلہ اور گیس سے بجلی پیداوار بڑھانا ہوگی۔حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ 3 سے 4 سال میں پاور سیکٹر کے نقصانات ختم کر دیے جائیں۔