کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان کی ٹاپ ویمن اسپنر سعدیہ اقبال سے ملاقات کی اور انہیں آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
محسن نقوی نے سعدیہ اقبال کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ نمبر ون بولر کی شرٹ پیش کی اور کہا کہ آپ پاکستان ویمنز کرکٹ کی ایک روشن ستارہ ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور پروفیشنل اپروچ سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعدیہ ورلڈ کپ میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔
سعدیہ اقبال نے چیئرمین پی سی بی کی حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ انشاء اللہ ورلڈ کپ میں بھی اپنی موجودہ کارکردگی برقرار رکھیں گی اور پاکستان کی ٹیم کو کامیابی دلائیں گی۔یہ ملاقات پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ سعدیہ اقبال کی کامیابیوں سے ویمن کرکٹ مزید فروغ پائے گی۔