جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کے تازہ رینکنگ کے مطابق سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پہلی سے دوسری اور بھارت کے کلدیپ یادیو دوسری سے تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ بولرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں کوئی اور تبدیلی نہیں ہوئی۔بولرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں نمیبیا کے برنارڈ شالٹز، افغانستان کے راشد خان، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور میٹ ہینری، سری لنکا کے ونندو ہسارنگام، بھارت کے رویندرا جدیجا اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا بالترتیب چوتھی سے دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد پندرہویں پوزیشن پر آگئے، جبکہ ابرار احمد اٹھارہ درجے ترقی پا کر تینتالیسویں نمبر پر پہنچ گئے۔بلے بازوں کی رینکنگ میں شبمان گل، بابر اعظم اور ڈیرل مچل بدستور پہلی تین پوزیشنز پر برقرار ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ دو درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئے، جبکہ افغانستان کے ابراہیم زادران اور سری لنکا کے کوشال مینڈس ایک ایک درجے تنزلی کے بعد بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر چلے گئے۔پاکستان کے محمد رضوان پانچ درجے تنزلی کے بعد ستائیسویں اور فخر زمان ایک درجہ تنزلی کے بعد اٹھائیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔تازہ رینکنگ میں شائقین کرکٹ کے لیے دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی ہے، خاص طور پر کیشو مہاراج کی شاندار بولنگ کے بعد ان کی پہلی پوزیشن کی واپسی نے جنوبی افریقہ کی بولنگ لائن اپ کو تقویت دی ہے۔