یوم تکبیر پرپوری قوم کو مبارکباد،سائنسدانوں، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور قیادت پر فخر ہے،جنید انوار چودھری
اسلام آباد(ان لائن)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے کہا ہے کہ پوری قوم اْن تمام سائنسدانوں، ماہرین دفاع، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور قیادت پر فخر کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا۔ یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال یومِ تکبیر ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ معرکہ حق کے تناظر میں ہمیں دوہری خوشی نصیب ہوئی ہے۔جنید انوار نے 28 مئی کو ایک تاریخی دن قرار دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دیتا ہے، طاقت کے توازن کو برقرار رکھا ہے اور اس کے ذمہ دارانہ کردار کو دنیا نے سراہا ہے۔