بڑھتی آبادی ترقی کیلئے بڑا چیلنج‘پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم ایٹمی طاقت کے بعد اب پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہے:شہبازشریف

نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی خود کروں گا‘ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے‘ وسائل اور آبادی میں توازن  پائیدار ترقی کی ضمانت ہے‘ ہائوسنگ سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے
افواجِ پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، پاکستان کا قومی بیانیہ واضح ہے   ایٹمی اثاثے جارحیت  کیلئے  نہیں بلکہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے  ہیں:وزیراعظم کی اجلاسوں میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پین ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کی زیر صدارت ملک میں تیزی سے بڑھتی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی پر قابو پانے کیلئے مؤثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے ‘‘نیشنل پاپولیشن کونسل’’ قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اعلان کیا  وہ خود اس کونسل کی سربراہی کریں گے۔ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، جبکہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور ملکی ترقی کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے آبادی میں اضافے کی رفتار کو قابو میں لانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔شہباز شریف نے آبادی کے بہتر نظم و نسق کیلئے ‘‘ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ’’ اپنانے اور عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی‘شہبازشریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہائوسنگ کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے،کم آمدنی والے طبقے کے لئے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں‘ بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ہنگم شہری پھیلائو کی وجہ سے زرعی زمین پر دبائو بڑھ رہا ہے، جس کے لئے مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہائو سنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو فروغ ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہاوسنگ سیکٹر میں بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے، اس سیکٹر کو ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے‘دریں اثناء وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے  پاک افواج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جسے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے گا، پاکستان کا قومی بیانیہ واضح ہے کہ ایٹمی اثاثے جارحیت کے لیے نہیں بلکہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ،پاکستان نے 28 مئی کو دفاع کے لیے ایٹمی قوت حاصل کی، جس کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو نے کیا اور اسے مکمل کرنے کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون سے اس دھرتی کی آبیاری ہو رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا   معرکہ حق میں پوری قوم یک جان اور دو قالب تھی، جبکہ 10 مئی کو اس معرکے کو منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بہادری سے دشمن کو شکست دی اور ملک بھر میں اس موقع پر تقریبات منعقد ہوئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔   انہوں نے کہا کہ 28 مئی کی آمد آمد ہے، یہی وہ دن تھا جب پاکستان ایٹمی قوت بنا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے تمام قومی ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان نے 28 مئی کو دفاع کے لیے ایٹمی قوت حاصل کی، جس کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو نے کیا اور اسے مکمل کرنے کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ پاکستان کا قومی بیانیہ واضح ہے کہ ایٹمی اثاثے جارحیت کے لیے نہیں بلکہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہیں۔  ایٹمی طاقت کے بعد اب پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہے