پاکستان برادرسعودی عوام کیساتھ کھڑا ہے آبی راستے کھلنے چاہئیں شہبازشریف
حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘اقوام متحدہ کے تحت کشمیر میں استصواب رائے ہونا چاہیے‘مکہ معاہدہ کسی کے خلاف نہیں‘خطے میں امن اور دفاع کیلئے ہے:وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب
پاکستان کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں سے مضبوطی سے وابستہ ہے ‘ عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو اہم سمجھتا ہے:وزیراعظم‘اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات
نیویارک (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے، معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے اور مختلف شعبوں میں ساختی و پالیسی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ زراعت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، معدنیات، بندرگاہوں، جہاز رانی، ادویات اور مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات نیویارک میں بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فائنانس، مشروبات، مینوفیکچرنگ، ادویات اور آرگینک پراڈکٹس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات شریک تھیں۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور معیشت کے مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا بزنس کونسل اور بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان بہترین پل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے، تاہم خلیج کا بحران ایک مشکل
مرحلے پر سامنے آیا۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور دوست و برادر ممالک کے تعاون سے خطے میں طویل مدتی امن کے حصول کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں طویل مدتی امن کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں بڑے پیمانے پر ساختی اور پالیسی سطح کی اصلاحات کی جا رہی ہیں، جبکہ معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے، ٹیکنالوجی کے فروغ اور ای گورننس کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے کہ کستان کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں سے مضبوطی سے وابستہ ہے اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو اہم سمجھتا ہے۔ انہوں نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، فلسطین، اسلاموفوبیا اور افغانستان سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا