پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 27 برس مکمل ہونے پر قوم نے ملی جوش و جذبے سے یوم تکبیر منا یا، وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید ‘ملک بھر میں عام تعطیل رہی
دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی ‘ پاکستان کی سلامتی ،استحکام و خوشحالی کی دعائوں سے ہوا‘ وفاقی و صوبائی سطح پر جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقریبات، چاغی کے مقام پر بھی خصوصی تقریب
اسلام آباد،راولپنڈی(آئی این پی )پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 برس مکمل ہو نے پر ملک بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منا یا گیا اور قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی گئی،ملک بھر میں عام تعطیل رہی ،دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی ،استحکام و خوشخالی کی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ وفاقی و صوبائی سطح پر جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور ر وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا گیا اور نوجوان نسل کو پاکستان کے اس عظیم کارنامے سے روشناس کرایا گیا ۔ چاغی کے مقام پر بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی ، جہاں قومی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور امن کے عزم کی تجدید کی گئی ۔علما ئے کرام نے پاکستان کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا۔علمائے کرام کا کہنا تھا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، آپ پاکستان زیادہ مضبوط اور مستحکم ہیں، آج پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہے۔۔دریں اثنا یوم تکبیر کے موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے عوام کو مبارکباد پیش کی گئی۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم تکبیر 1998 کے اس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر ابھرا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کرنے اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قومی امانت ہے، جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے۔ یوم تکبیر ہمارے موثر اور کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی توثیق کرتا ہے، قابلِ اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کا نظریہ خطے میں امن اور تزویراتی استحکام کے قیام پر مبنی ہے۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت خالصتا دفاعی نوعیت کی اور امن کی ضامن ہے، مسلح افواج ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جن کی بدولت یہ سنگِ میل حاصل ہو۔