پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ بعض پاکستانی زائرین کی جانب سے حرم کے احترام کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں حج اور عمرہ زائرین پر لازم ہے کہ وہ سعودی قوانین کی پابندی کریں۔ سعودی حکومت ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے کوشاں ہے اور وہ لاکھوں زائرین کی خدمت کر رہی ہوتی ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے سعودی عرب میں بعض افسوسناک واقعات کی طرف بھی اشارہ کیا، جن میں ایک خاتون کی طرف سے سعودی سلامتی کے ادارے کے اہلکار کو مارنا اور حرم شریف میں سعودی قوانین کی خلاف ورزی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرم اور مسجدِ نبوی میں کپڑے دھونا، لٹکانا یا بدلنا سعودی قوانین کے خلاف ہے، اور سعودی حکومت کا اس پر ایکشن لینا بالکل درست ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف طواف کے لیے احرام باندھنا بھی سعودی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ پاکستان کے عمرہ و حج زائرین کے لیے مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔