چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسرائیل کی جانب سے گریٹر اسرائیل کے نقشے کے معاملے پر سعودی عرب کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا مؤقف امتِ مسلمہ کی ترجمانی کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کرنا عالمی امن کو تباہ کرنے کی ایک کوشش ہے اور اس پر عالمی سطح پر فوری ردعمل کی ضرورت ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امتِ مسلمہ سعودی عرب کے مؤقف کے ساتھ ہے اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس خطے میں جاری تنازعات کو مزید بڑھانے کے بجائے اس پر عالمی برادری کو ایک مشترکہ مؤقف اپنانا چاہیے تاکہ عالمی امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے "گریٹر اسرائیل" کا نقشہ جاری کیے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام "غاصبانہ ارادوں" کو ظاہر کرتا ہے اور اس سے علاقے کی ریاستوں کی خودمختاری پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقے میں مزید کشیدگی پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔
اس حوالے سے سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایک اجلاس طلب کرے تاکہ اس سنگین معاملے پر ایک مؤقف اختیار کیا جا سکے اور عالمی سطح پر اسرائیل کے غاصبانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی جا سکے۔یہ بیانات سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کے متنازع نقشے کے ردعمل کے طور پر سامنے آئے ہیں، جو فلسطینی علاقوں اور ارد گرد کے علاقوں پر اسرائیل کے دعوے کو بڑھاوا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔