ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف دو سال سے جاری سفاکیت اور وحشت ختم ہونے کی طرف جا رہی ہے اور یہ وقت ہے کہ امتِ مسلمہ متحد ہو کر فلسطینی عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا امریکی صدر نے اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے امریکی صدر، سعودی ولی عہد، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ترک صدر، امیرِ قطر، مصر کے صدر اور بین الاقوامی قیادت نے نمایاں محنت اور جدوجہد کی ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ روزِ اوّل سے سعودی ولی عہد نے سفارتی سطح پر مہم چلائی تاکہ دنیا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے — آج تک 159 ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں اور پاکستان نے ہر محفل میں فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے امتِ مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ غزہ کی تعمیرِ نو میں حصہ لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں دوبارہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و بربریت نہ ہو۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ معاہدے پر عملدرآمد ضروری ہے اور جمعہ کے دن پورے عالمِ اسلام کو شکر ادا کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنی چاہیے اور ہر ملت اپنا عملی کردار ادا کرے۔