اسرائیل عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، حافظ طاہر اشرفی

اسرائیل عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، حافظ طاہر اشرفی

لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیل اس وقت عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

ایک بیان میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس سے امت مسلمہ کو بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، فلسطین، لبنان، شام اور یمن جیسے ممالک اسرائیلی جارحیت اور دہشتگردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں امت مسلمہ کی نظریں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان جیسے اہم اسلامی ممالک پر لگی ہوئی ہیں، اور ان سے قائدانہ کردار ادا کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ فلسطین اور ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی سطح پر واضح اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ حافظ اشرفی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جو پائیدار امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔